
ملتان: پاکستان کے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ سابق امریکی وزیر خارجہ کونڈولیزا رائس نے پاکستان کے دورے کے دوران اسامہ بن لادن کے پاکستان میں چھپے ہونے کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا
ملتان میں انٹرویو میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کونڈولیزا رائس نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور ان کے خدشات تھے کہ اسامہ بن لادن پاکستان میں ہیں۔
جب گیلانی سے رائس کی معلومات پر ان کے ردعمل کے بارے میں پوچھا گیا تو یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جب انہوں (کونڈولیزا رائس) نے معلومات شیئر کیں تو میں نے انہیں غلط قرار دیا۔
یہ پوچھے جانے پر کہ ایبٹ آباد میں جب اسامہ بن لادن کا پتہ چلا تو کیا یہ حیران کن نہیں تھا تو انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کی انٹیلی جنس کی ناکامی ہے۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ آپ کو نہیں لگتا کہ یہ امریکی انٹیلی جنس تھی جو آپ کو رائس کے ذریعے پہنچائی گئی تھی؟ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہوتا تو انہیں ہمیں دینا چاہیے تھا، ہم ان کی مدد کرتے کیونکہ ہم دہشت گردی کے خلاف ہیں اور ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے تھے اور بہت سے فوجی جوان اور سویلینز شہید ہوئے اور ہمارا اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔