پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں قومی اور صوبائی نشستوں سے الیکشن میں حصہ لینے والے آزاد امیدوار ریحان زیب خان کو نامعلوم افراد نے قتل کر دیا جس کے بعد متعلقہ حلقے کا انتخاب ملتوی کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او باجوڑ کاشف ذوالفقار نے بتایا کہ ریحان زیب انتخابی مہم کے سلسلے میں صدیق آباد پھاٹک بازار مین چوک میں موجود تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔
ایس ایچ او راشد خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ریحان زیب خان این اے 8 اور پی کے 22 سے الیکشن لڑ رہے تھے۔
واقعے کے باعث دونوں نشستوں پر انتخاب ملتوی کر دیا جائے گا اور ریٹرننگ افسر کی جانب سے باقاعدہ اعلان جاری کیا جائے گا۔ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 73 کے مطابق امیدوار کی موت پر انتخابی نشانات جاری ہونے کے بعد الیکشن ملتوی کیا جاتا ہے۔
مذکورہ واقعے کے بعد الیکشن کمیشن نے این اے 8 باجوڑ اور پی کے 22 میں الیکشن ملتوی کر دیا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق باجوڑ میں آزاد امیدوار ریحان زیب کے قتل کے باعث الیکشن ملتوی کیا گیا۔
0 36 1 minute read